پشاور،عدالت نے ایس ایچ او سمیت 7اہلکاروں کو سزا سنادی
پشاور کی مقامی عدالت نے عدالتی احکامات کی مسلسل تعمیل نہ کرنے اور گواہی کے لیے پیش نہ ہونے پر محکمہ ایکسائز کے ایس ایچ او سمیت سات اہلکاروں کو دس، دس دن قید کی سزا سنا دی ہے۔
یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف نے مقدمے کی سماعت کے دوران اہلکاروں کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جاری کیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق سزا پانے والوں میں ایکسائز ایس ایچ او شیر محمد، اہلکار عبداللہ، لعل گل، شیراز، فاروق، ثقلین اور ناصر محمود شامل ہیں۔
یہ تمام اہلکار “محمد رحمان بنام سرکار” کے مقدمے میں استغاثہ کے اہم گواہان تھے، لیکن بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش ہو کر گواہی دینے سے گریز کر رہے تھے جس کی وجہ سے مقدمے کی کارروائی متاثر ہو رہی تھی۔
اہلکاروں کے اس رویے پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ساتوں اہلکاروں کے خلاف دفعہ 174 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کی۔
