
وزیراعلیٰ پنجاب کا مری میں غیرقانونی ہوٹلز اور تجاوزات کے خاتمے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری میں جاری غیرقانونی ہوٹلز، عمارتوں اور مختلف نوعیت کی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو مری میں تجاوزات کے مکمل خاتمے اور شہریوں کی سہولت کے لیے جامع پلان مرتب کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ مری کی اصل شناخت اس کا قدرتی حسن ہے، جسے غیرقانونی تعمیرات نے بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی سفارش یا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا اور جہاں جہاں غیرقانونی ہوٹلز یا عمارتیں قائم ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے مری آنے والے سیاحوں کے لیے بہتر سہولیات، محفوظ ماحول اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مری پنجاب کا اہم ترین سیاحتی مقام ہے اور اس کی بحالی اور خوبصورتی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مری میں غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور مرحلہ وار انہدامی کارروائیاں جلد شروع ہونے والی ہیں۔
