

سرگودھا(بیورو رپورٹ)سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ میں کرپشن کے خلاف بڑا اقدام، پلمبر معطل
سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو افیسر ارسلان حیدر نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے واٹر سپلائی کے پلمبر محمد اویس کو مبینہ کرپشن پر معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلمبر محمد اویس پر الزام تھا کہ وہ مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی کنیکشنز کے نام پر سرکاری فیس کے علاوہ شہریوں سے ہزاروں روپے بطور رشوت وصول کر رہا تھا۔ شادمان کالونی، سونی پورہ، چیمہ کالونی، کلیات ٹاؤن اور بنگلہ نمبر 9 کے رہائشیوں کی جانب سے متعدد شکایات اور ثبوت سامنے آنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
شہریوں کی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ایگزیکٹو افیسر کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا ارسلان حیدر نے فوری طور پر پلمبر کو معطل کر کے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر ارسلان حیدر کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے ساتھ ناروا سلوک، سرکاری امور میں مداخلت اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے دیگر اہلکاروں کو بھی واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی اور رویے درست کر لیں، بصورت دیگر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہری حلقوں نے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے ادارے میں شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
