
ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی کا یونیورسٹی آف میانوالی میں پیغام پاکستان کے تحت “پرامن پاکستان اور انسدادِ انتہاپسندی پر خصوصی لیکچر
ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی جناب اظہر سعید نے یورنیورسٹی آف میانوالی میں پیغام پاکستان کے تحت منعقدہ ایک اہم آگاہی سیمینار میں طلباء وطالبات کو لیکچر دیا۔
دوران لیکچر انہوں نے طلبہ و طالبات کو “پرامن پاکستان” کے قیام، قومی یکجہتی اور انسدادِ پرتشدد انتہاپسندی (Violent Extremism) کے موضوع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا روشن مستقبل ہے اور انہیں منفی نظریات، شدت پسندی اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے محض تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ کردار سازی اور مثبت سوچ کی آبیاری کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔
ایس پی انوسٹی گیشن نے طلبہ کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع، قانون کی پاسداری اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدت پسندی کا مقابلہ صرف قانون نافذ کرنے والے ادارے نہیں کر سکتے بلکہ اساتذہ، والدین، سول سوسائٹی اور بالخصوص نوجوانوں کا فعال کردار ناگزیر ہے اس کے علاؤہ مکالمہ، برداشت، باہمی احترام اور آئینی و قانونی شعور ہی ایک مستحکم اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ پنجاب پولیس نوجوانوں میں شعور و آگاہی پیدا کرنے اور انہیں قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے مسلسل تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
سیمینار کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے مختلف امور پر سوالات کیے، جن کے جامع اور مدلل جوابات دیے گئے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے میانوالی پولیس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے ایسے آگاہی پروگرامز کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔
میانوالی پولیس معاشرے میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی اور نوجوان نسل کو ہر قسم کی انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
