
پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے نواح میں واقع نواپاس سیکٹر کے قریب پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی مؤثر اور بروقت کارروائی میں افغان طالبان کی نام نہاد داؤد پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں یہ پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اس کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے مورچے بھی زمین بوس ہو گئے۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت اور بروقت اقدامات سے دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ہمیشہ پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کی خواہش ظاہر کی ہے مگر سرحدی خلاف ورزیوں اور جارحیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج کی اس کارروائی سے واضح پیغام ملتا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
