افغان طالبان کی حالیہ اشتعال انگیزی پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور موثر جوابی کارروائی کی ہے


افغان طالبان کی حالیہ اشتعال انگیزی پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور موثر جوابی کارروائی کی ہے، جس میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستانی فورسز کے جوابی حملوں میں 58 افغان جنگجو ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں دشمن کی 12 چوکیاں مکمل طور پر تباہ کردی گئی ہیں جبکہ 5 اہم افغان پوسٹوں پر پاکستانی فورسز نے قبضہ کرلیا ہے۔ یہ کارروائی دشمن کی بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کے بعد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس موثر جوابی کارروائی کے دوران دشمن کا ایک بڑا اسلحہ ڈپو، تین افغان بٹالینز اور ایک سیکٹر ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں دشمن کا لاجسٹک اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شدید متاثر ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کارروائی میں دشمن کے 30 سے زائد ٹینک، آرٹلری گنز اور بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں، جس سے دشمن کی جنگی صلاحیت کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ فضائی اور زمینی نگرانی کے ذریعے اہداف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سرحدی علاقوں میں شدت کے ساتھ مزید جوابی حملے جاری ہیں اور دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی نئی جارحیت کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پاکستانی فورسز کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے اور سرحدی علاقوں میں صورتحال قابو میں ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر یقین کریں۔

About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *