وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی و کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سرگودھا کا دورہ کیا


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی و کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سرگودھا کا دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان سہولت بازار، ریڑھی بازار شاہین چوک اور دیگر مارکیٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ ڈی سی آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 75 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں سرگرم ہیں۔ ہر بڑے مال میں ڈی سی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ گراں فروشی کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ معاون خصوصی نے ڈی سی دفتر میں رمضان المبارک کے لیے قائم کنٹرول روم کا بھی تفصیلی دورہ کرکے بریفنگ لی۔
بعد ازاں سلمیٰ بٹ نے سہولت بازار یونیورسٹی روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چکن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے دسمبر سے حکومتی سطح پر اقدامات شروع کیے گئے تھے، جس کے باعث رمضان میں قیمتیں مستحکم ہیں۔ روٹی، چکن اور چینی کی قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 83 ہزار 879 مستحق خاندانوں کو امدادی کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں اور ہدف ہے کہ 10 رمضان تک سو فیصد تقسیم مکمل کر لی جائے۔ صوبہ بھر میں 47 لاکھ خاندانوں کو تقریباً 42 ارب روپے کے پیکیج کے تحت فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق خریداری کر سکیں۔ضلع سرگودھا کی ہر تحصیل میں دو، دو “مریم کے مہمان دسترخوان” قائم کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 14 مقامات پر روزانہ تقریباً 10 ہزار افراد کو افطار فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سہولت بازاروں میں آٹا، سبزیاں، پھل اور کریانہ اشیاء مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں جبکہ طلب و رسد پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔معاونِ خصوصی نے مختلف سٹالز پر پھلوں، سبزیوں، کریانہ اور چکن کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور خریداروں سے براہ راست بات چیت بھی کی۔ قبل ازیں اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ فیلڈ چیکنگ مزید مؤثر بنائی جائے، خلاف ورزی پر فوری جرمانے اور قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ مستحقین کو بروقت اور باعزت امداد کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود رمضان انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔

About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *