
پاکستان نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا
سلامتی کونسل میں ہنگامی اجلاس، فلسطینیوں کی ممکنہ بے دخلی کے خدشات کا اظہار اقوام متحدہ: پاکستان نے اسرائیل کے خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ” کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا ہے۔ سلامتی کونسل میں ہنگامی بحث اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلایا گیا، جس کے دوران پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں فلسطینی عوام کی بے دخلی یا انہیں غزہ سے نکال کر کسی دوسرے خطے میں منتقل کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیتا ہے۔ پاکستان کا واضح موقف عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اراکین کو آگاہ کیا کہ اسرائیل کے اس اقدام کے پیچھے ممکنہ مقصد غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخلی کر کے انہیں صومالی لینڈ منتقل کرنے کی منصوبہ بندی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ “پاکستان فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کے معاملے کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، دو ریاستی حل کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے، جس کے تحت فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق اور ایک آزاد خود مختار ریاست حاصل ہو۔
علاقائی استحکام کے لیے خطرہ پاکستانی نائب مندوب نے اپنے بیان میں کہا کہ “صومالی حکومت ملکی استحکام کے اقدامات کر رہی ہے، لیکن اسرائیلی رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے جو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں مزید تناؤ پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ صومالیہ کی خودمختاری کی حمایت پاکستان نے اپنے موقف میں واضح کیا کہ وہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ عثمان جدون کے مطابق، “ہم صومالیہ کی خودمختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو اسے متاثر کرے۔
مسلم دنیا کا رد عمل
یاد رہے کہ اسرائیلی اقدام کے بعد تمام مسلم ممالک نے یک زبان ہو کر اسے مسترد کرتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک نے بھی اسرائیلی اقدام کو غیر قانونی اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔
اسرائیل کے خارجہ وزارت کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیل نے جمہوریہ صومالی لینڈ کو ایک خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ تاہم، بین الاقوامی برادری کی اکثریت صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کرتی، اور صومالیہ کی وفاقی حکومت اسے اپنا حصہ سمجھتی ہے۔
