
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوس کا کہنا ہے اُن کا ملک پراسرار انداز میں 153 فلسطینیوں کو جوہانسبرگ لانے والے جہاز کے معاملے کی تحقیقات کرے گا۔
واضح رہے کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے 153 فلسطینیوں کو لے کر ایک چارٹر طیارہ جنوبی افریقہ پہنچ گیا تھا جن میں سے کئی فلسطینی باشندے یہاں سے دیگر ممالک روانہ ہو گئے تھے۔
ابتداً او آر ٹامبو انٹر نیشنل ایئر پورٹ جوہانسبرگ پہنچنے والے طیارے کے مسافروں کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ مسافر لگ بھگ 10 گھنٹے تک طیارے میں محصور رہے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ان تمام مسافروں کے پاسپورٹس پر ضروری ڈپارچر کی مہر نہیں تھی۔
آخرکار مقامی چیریٹی تنظیم کی مداخلت پر بہت سے مسافروں کو داخلے کی اجازت مل گئی۔ جنوبی افریقہ کے صدر کا کہنا تھا کہ ان افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنوبی افریقہ میں آنے کی اجازت دی گئی۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ افراد کن حالات میں غزہ سے نکلے اور کیسے جنوبی افریقہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے
