
دبئی ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ تیجاس گر کر تباہ
دبئی میں جاری ائیر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجاس ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ مظاہرے کے دوران پیش آیا جبکہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر زمین سے ٹکرایا۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد پائلٹس کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گرا یا پائلٹ کی غلطی وجہ بنی۔
بھارتی فضائیہ نے بھی دبئی ائیر شو کے دوران اپنے لڑاکا طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
حادثے کے بعد ائیر شو میں جاری لڑاکا طیاروں کے فلائنگ ڈسپلے کو فوری طور پر روک دیا گیا، جو شائقین کا پسندیدہ ترین سیشن سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی تیجاس طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس کے فیول ٹینک سے آئل لیک ہوتا ہوا دیکھا گیا تھا، جس پر بھارتی فضائیہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
