
حب میں شراب فروخت کے معاملے پر انتظامیہ کی فوری کارروائی حب: بلوچستان پریس کلب حب کی نشاندہی پر وائن اسٹور کی جانب سے مسلمانوں کو شراب فروخت کرنے کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک اہم اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں محکمہ ایکسائز کے حکام، متعلقہ وائن اسٹور کے مالکان اور بلوچستان پریس کلب حب کے نمائندوں نے شرکت کی۔یہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں منعقد ہوا، جہاں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مھیم خان گچکی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت مسلمانوں کو شراب فروخت نہ کی جائے، بصورت دیگر متعلقہ وائن اسٹور کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے تحت لاک ڈاؤن کے تناظر میں تمام وائن اسٹورز کو رات 8 بجے تک بند کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔بلوچستان پریس کلب حب کے نمائندوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے فوری اور مؤثر اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے بروقت کارروائی کر کے عوامی جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے معاملات پر فوری نوٹس لے کر قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔*
