
امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا ہے۔
بدھ کو مارکیٹ کھلتے ہی تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام آئل کی قیمت 16.31فیصدکی کمی کے بعد92.96ڈالرفی بیرل اورویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ(ڈبلیوٹی آئی) کی قیمت 18.04فیصدکی کمی کے بعد94.91ڈالرفی بیرل ہوگئی
دوسری جانب جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت عالمی حصص بازاروں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی Agence France-Presse کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی مارکیٹس مثبت رجحان کے ساتھ کھلی ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق Dubai Financial Market میں تقریباً 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو دسمبر 2014 کے بعد ایک دن میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔
امریکہ اور ایران دونوں نے پاکستان کی پیش کردہ دو ہفتوں کی جنگ بندی تجویز پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا، “فوری جنگ بندی باہمی ہوگی، ہمیں ایران کی جانب سے 10 نکاتی تجویز موصول ہوئی ہے جو مذاکرات کے لیے ایک عملی بنیاد بن سکتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فوری جنگ بندی کا معاہدہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو مکمل اور فوری طور پر کھولنے سے مشروت ہے۔
