
پاکستان اور انڈیا کے درمیان رواں برس مئی میں ہونے والی لڑائی کے بعد دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی جھلک کبھی کرکٹ کے میدانوں میں تو کبھی سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔
اس وقت بھی سوشل میڈیا پر پاکستان اور انڈین صارفین آمنے سامنے ہیں اور اس مرتبہ دبئی میں جاری ایئر شو کی کچھ وائرل تصاویر پر بحث ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ان تصاویر میں بظاہر انڈین ایئر فورس کے اہلکار دبئی ایئر شو میں پاکستانی پویلین کے قریب کھڑے پاکستان ایئر فورس کے افسران سے گفتگو کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
کچھ تصاویر میں انڈین ایئر فورس کے افسران پاکستان کی جانب سے ایئر شو میں رکھے گئے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے سامنے تصاویر بھی بنوا رہے ہیں۔
ان تصاویر کے مستند ہونے سے متعلق بی بی سی نے پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کو پیغام بھیجا، جنھوں نے تصدیق کی ہے کہ انڈین ایئر فورس اور نیوی کے افسران دبئی میں جاری ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے سامنے تصاویر اور سیلفیاں بنواتے رہے۔
