سرگودھا ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلع سرگودھا میں یونین کونسلز کی حد بندی (ڈیمارکیشن) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا


سرگودھا
ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلع سرگودھا میں یونین کونسلز کی حد بندی (ڈیمارکیشن) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئی انتظامی تقسیم اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر یونین کونسلز کی نئی حد بندی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 236 یونین کونسلز قائم کرنے کی تجویز ہے۔ نئی انتظامی ترتیب کے تحت ضلع میں 10 میونسپل کمیٹیز (MCs)، 7 تحصیل کونسلز جبکہ سرگودھا شہر میں 2 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز قائم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ڈھانچے کو ختم کر کے تحصیل سطح پر نظام کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ضلعی الیکشن کمشنر چوہدری محمد ارشد تمام چیف افسران لوکل گورنمنٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ، متعلقہ افسران، تحصیلداروں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ شرکاء کو حد بندی کے عمل سے متعلق ضروری نوٹیفکیشنز اور دستاویزی تقاضوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ حد بندی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن، لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام تکنیکی اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے حد بندی کو حتمی شکل دے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یونین کونسلز کی حد بندی کا عمل میرٹ، شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کریں تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی حد بندی سے انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور عوام کو بلدیاتی سطح پر بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ یونین کونسلز کی حد بندی کا باقاعدہ عمل عیدالفطر کے بعد شروع کیا جائے گا۔

About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *