سرگودھا سبزی و فروٹ منڈی بارش میں ڈوب گئی


سرگودھا سبزی و فروٹ منڈی بارش میں ڈوب گئی، نکاسی آب نظام مکمل ناکام تاجر کیچڑ اور گندگی میں کاروبار کرنے پر مجبور، مارکیٹ کمیٹی اور یونین قیادت پر سنگین الزامات پانچ سال سے الیکشن نہ کروانے پر احتجاج کا عند یہ ، آڑھتیوں اور پھڑیوں کا فوری انتخابات کا مطالبہ
مرکزی سبزی و فروٹ منڈی سرگودھا میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جس کے باعث معمولی بارش بھی منڈی کو تالاب میں تبدیل کر دیتی ہے۔ جگہ جگہ جمع پانی، کیچڑ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر تاجروں اور خریداروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہے ہیں جبکہ سبزی و فروٹ فروش اسی ناگفتہ بہ صورتحال میں بیٹھ کر اپنا کاروبار کرنے پر مجبور ہیں۔تاجروں اور آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ کمیٹی کے سیکرٹری اور انسپکٹر بھی صورتحال کو بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھاری فیسیں وصول کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جس سے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب منڈی کے تاجروں نے اپنی یونین قیادت پر بھی شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونین کے صدر اور سیکرٹری گزشتہ پانچ سال سے عہدوں پر قابض ہیں اور باقاعدہ انتخابات نہیں کروائے گئے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف ذاتی مفادات تک محدود ہو چکے ہیں۔آڑھتیوں اور پھڑیوں نے شکایت کی کہ انہیں آئے روز بلاجواز جرمانوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ان کے مسائل سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شفاف انتخابات کروائے جائیں تاکہ نئی قیادت سامنے آ سکے اور منڈی کے مسائل حل ہو سکیں۔تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد نکاسی آب کا نظام بہتر نہ کیا گیا اور یونین کے انتخابات نہ کروائے گئے تو بڑا احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

About The Author

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *