
سرگودھا ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلعی ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 19 کیسز منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ کمیٹی نے 12 مائنرز کے این او سی کی تجدید جبکہ 7 نئے سٹون کرشنگ یونٹس کے این او سی کی منظوری دے دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کاروبار کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کے استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این او سی سمیت تمام ضروری کارروائیاں کم سے کم مدت میں مکمل کی جا رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت میسر آئے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ایک بز پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کو زیادہ سے زیادہ پانچ دن کے اندر نمٹایا جائے اور سائلین کو بروقت این او سی جاری کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاروبار کے خواہشمند افراد بلا خوف و خطر درخواستیں جمع کروائیں اور کسی کو کسی قسم کی رقم ادا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی سطح پر غیر قانونی تقاضے یا رشوت کی شکایت سامنے آئی تو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
